خیبرپختونخوا حکومت کا سرکاری اسکولوں کے لیے پی ٹی سی گرانٹس میں بڑا اضافہ
(سٹی رپورٹر)
خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اسکولوں کی بہتری اور تعلیمی معیار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پیرنٹس ٹیچرز کونسل (پی ٹی سی) گرانٹس میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے پی ٹی سی گرانٹس کو تین نئی مدات میں تقسیم کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے،حکومتی فیصلے کے مطابق کلاس روم کنزیوم ایبلز گرانٹ 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 13 ہزار روپے فی کلاس روم کر دی گئی ہے، جبکہ پی ٹی سی ریپیئرز گرانٹ 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 16 ہزار روپے فی کلاس روم مقرر کی گئی ہے۔اس کے علاوہ طلبہ کے داخلوں اور حاضری میں اضافے کے لیے فی طالب علم 300 روپے کی کیپیٹیشن گرانٹ بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔حکومت نے پی ٹی سی گرانٹس کے لیے سالانہ مجموعی مالی حجم 6 ارب 18 کروڑ 50 لاکھ روپے مقرر کیا ہے۔ حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں فنڈز کی فراہمی کے بعد باقی ماندہ 3 ارب 7 کروڑ 30 لاکھ روپے بھی سرکاری اسکولوں کے پی ٹی سیز کو جاری کر دیے گئے ہیں۔صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اسکولوں کو پی ٹی سیز کے ذریعے سو فیصد گرانٹ فنڈز کی فراہمی مکمل کر دی گئی ہے، جس سے اسکولوں کی بنیادی سہولیات، مرمت کے کاموں اور طلبہ کی تعداد میں اضافے میں مدد ملے گی۔
