مردان میں محکمہ ایکسائز کی بڑی کارروائیاں
جرنلسٹ واجد شہزاد
مردان میں محکمہ ایکسائز کی بڑی کارروائیاں، 63 کلو سے زائد چرس اور ایک ہزار سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد، محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے پشاور اور مردان میں انسدادِ منشیات کی متعدد کامیاب کارروائیوں کے دوران 63 کلو سے زائد چرس اور ایک ہزار سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد کر لیں جبکہ کئی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ترجمان ایکسائز کے مطابق جوائنٹ چیک پوسٹ نزد موٹروے ٹول پلازہ پشاور پر کارروائی کے دوران ملزم گل زیب ولد فضل واحد کے قبضے سے 2 ہزار 400 گرام چرس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا گیا۔اسی طرح جوائنٹ چیک پوسٹ پشاور پر مسافر گاڑی کی تلاشی کے دوران ملزم نوید جان ولد عبدالشید سکنہ ناگمان سے ایک ہزار 185 گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ سپلائی گیٹ نہر جی ٹی روڈ پشاور پر کارروائی کے دوران ملزم حمید اللہ ولد شریف خان کے قبضے سے ایک ہزار 60 نشہ آور گولیاں برآمد کر کے اسے بھی گرفتار کر لیا گیا۔دوسری جانب مردان میں رنگ روڈ پر کارروائی کے دوران گاڑی نمبر RIP-307 سے 12 کلو گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملزم نور ملک ولد علی حیدر سکنہ چارسدہ کو گرفتار کر لیا گیا۔مردان میں ایک اور بڑی کارروائی کے دوران گاڑی نمبر GAH-8888 سے 48 کلو گرام چرس برآمد کر کے منشیات سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔محکمہ ایکسائز کے مطابق تمام مقدمات متعلقہ ایکسائز تھانوں میں درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ محکمہ نے صوبے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے منشیات فروشوں اور سمگلروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
