ایرانی رکنِ پارلیمنٹ : ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے علیحدگی اختیار کرے-
ایرانی رکنِ پارلیمنٹ سید محمود نباوین کا کہنا ہے کہ ایران جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (این پی ٹی) سے علیحدگی اختیار کرے اور اپنی جوہری پالیسی میں تبدیلی لائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی رکنِ پارلیمنٹ نے جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے علیحدگی اور جوہری پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایرانی قانون سازوں اور دیگر اہم شخصیات کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے مطالبات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے لکھا ہے کہ اب جبکہ ہم جنگ اور پابندیوں کی بھاری قیمت ادا کر چکے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ ایرانی قوم این پی ٹی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرے اور اپنی جوہری پالیسی تبدیل کرے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیٹی کے رکن ابراہیم رضائی نے بتایا کہ معاہدے سے علیحدگی سے متعلق 10 تجاویز رجسٹرڈ کرائی جا چکی ہیں اور اس معاملے پر غور جاری ہے۔
دوسری جانب ایرانی سیاست داں اور مذہبی رہنما محمد جواد حاج علی اکبری نے بھی ایران کی جوہری پالیسی پر نظرِ ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے جمعے کے خطبے کے دوران اس مطالبے کو قومی مطالبہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مطالبہ کوئی عجلت میں کیا گیا یا جذباتی ردِعمل نہیں، بلکہ اس کے پیچھے ایرانی عوام کا وہ شعور کار فرما ہے جو امریکا کی جانب سے اپنے وعدوں کی پاسداری میں ناکامی کے حوالے سے پیدا ہوا ہے۔
