جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ ایران کے معاملے پر نیتن یاہو ’ہر چیز میں غلط‘ تھے۔
امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایران کے معاملے پر اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر تنقید کی ہے۔
ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق جے ڈی وینس نے اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر تنقید کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ ایران کے خلاف حملے دوبارہ شروع کرنے کے بجائے معاہدے کی طرف جائیں۔
امریکی نائب صدر کی جانب سے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکنز کی شکست کی وجہ ایران جنگ کو قرار دینے کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے۔
جے ڈی وینس کی اس بات چیت سے واقف ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس نے رپورٹ کیا ہے کہ ٹرمپ کے قریبی لوگوں نے نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں صدر ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ وہ تنازع کو ختم کرنے کے لیے ایران کے ساتھ معاہدہ کریں۔
امریکی ویب سائٹ کے مطابق امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اس موقع پر اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو پر ایران کے معاملے پر ’ہر چیز میں غلط‘ ہونے کا الزام لگایا اور تنقید کی۔
انہوں نے صدر ٹرمپ کو اس حوالے سے بھی خبردار کیا تھا کہ جنگ غیر مقبول ہے اور اس کی وجہ سے ریپبلکنز کو انتخابات میں نقصان پہنچ سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق اس سب کے باوجود صدر ٹرمپ جنگ کو دوبارہ شروع کرنے کا سوچتے رہے کیونکہ نیتن یاہو نے ان پر ایسا کرنے کے لیے دباؤ ڈالا لیکن آخر کار اس فیصلے کو روک دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق علاوہ ازیں ٹرمپ نے اپنے اعلیٰ مشیروں کے اعتراضات کے باوجود اسرائیل کے انتخابات میں نیتن یاہو کی حمایت کی۔
