قومی

جے یو آئی کا چارسدہ میں عوامی اجتماع ہر صورت منعقد ہوگا، مولانا عطاء الرحمن

پشاور سے واجد شہزاد

جمعیت علماء اسلام (ف) خیبرپختونخوا کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ کل 18 جون کو چارسدہ میں مولانا ادریس شہید کے نام سے منعقد ہونے والا عوامی اجتماع ہر صورت ہوگا اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔پشاور مفتی محمود مرکز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ کارکنوں کو مختلف ذرائع سے یہ پیغامات موصول ہو رہے ہیں کہ اجتماع ملتوی کر دیا گیا ہے، تاہم ایسی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں اور اجتماع اپنے مقررہ وقت پر منعقد ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مختلف ذرائع اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اجتماع مؤخر کرنے کے لیے رابطے کیے جا رہے ہیں جبکہ انتظامیہ کی طرف سے اجتماع کے لیے مختص مقام تبدیل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے، تاہم جے یو آئی اپنے فیصلے پر قائم ہے۔مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ جماعت نے گزشتہ ایک ماہ کے دوران صوبے کے تمام اضلاع کے دورے کر کے کارکنوں کو اجتماع کے لیے متحرک کیا ہے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پُرامید رہیں کیونکہ اجتماع کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تین ہزار سے زائد انصار چارسدہ پہنچ چکے ہیں جو اجتماع کے انتظامات اور شرکاء کی خدمت انجام دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اجتماع میں خیبرپختونخوا کے علاوہ پنجاب سے بھی بڑی تعداد میں مہمان شرکت کریں گے۔صوبائی امیر جے یو آئی نے کہا کہ مولانا ادریس شہید کے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ اب بھی برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے قاتلوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا لیکن تاحال ذمہ دار افراد کو سامنے نہیں لایا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کیس کی نوعیت اور تحقیقات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔مولانا عطاء الرحمن نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انہیں قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت اور ملک کی بقا کے لیے جمعیت علماء اسلام اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔تاہم چارسدہ میں ہونے والا عوامی اجتماع کل سہ پہر 3 بجے شروع ہوگا اور رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے