ایران کے بوشہر ایٹمی پاورپلانٹ پر حملے کو لیکر مغرب کی خاموشی، ایٹمی تنصیبات پر حملے کی قباحت ختم کردے گی: روس
یانا میں روس کے مستقل مندوب میخائیل اولیانوف نے خبردار کیا ہے کہ زاپوریژیا اور ایران کے بوشہر ایٹمی پاورپلانٹ پر حملوں کو لیکر مغربی دنیا کی خاموشی، ایسی جارحیتوں کو عام بنا دے گی۔
میخائیل اولیانوف نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کی ہنگامی نشست کے دوران کہا کہ مغربی ممالک، پورے ایک سال سے بوشہر ایٹمی پاورپلانٹ اور ایران کی دیگر جوہری تنصیبات پر حملوں کو نظرانداز کر رہے ہیں لیکن انہیں جان لینا چاہیے کہ ان کی اس لاپرواہی کے نتیجے میں ایٹمی تنصیبات پر حملوں کی قباحت ختم اور اکیسویں صدی میں ایسی جارحیتیں عام بن جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ سن 2022 میں یوکرین نے روس کے زاپوریژیا، نورونژ اور اسمولنسک ایٹمی بجلی گھروں پر گولہ باری کرکے شروع کیا تھا اور امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے بوشہر ایٹمی پاورپلانٹ کے بہت قریب بمباری کرکے اسے جاری رکھا۔
یاد رہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی نے ایران کی ایٹمی تنصیبات پر امریکی – صیہونی حملوں کی نہ صرف مذمت نہیں کی ہے بلکہ اس عالمی ادارے کے سربراہ کے دوپہلو بیانات نے آئی اے ای اے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے۔
