قومی

فتنہ الخوارج دہشتگردوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، زیرِ حراست دو ملزمان ہلاک، ایک پولیس اہلکار زخمی

*فتنہ الخوارج دہشتگردوں کی پولیس گاڑی پر فائرنگ، زیرِ حراست دو ملزمان ہلاک، ایک پولیس اہلکار زخمی*

ہنگو: معصوم بچے کے اغوا، زیادتی اور قتل کے مقدمہ میں گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیشی کے بعد جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں علاقہ سروزئی کے قریب ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم فتنہ الخوارج دہشتگردوں نے انویسٹی گیشن پولیس کی گاڑی پر اچانک فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے نتیجے میں زیرِ حراست ملزمان دلشاد ولد شریف اور امان اللہ عرف ٹی ٹی پی ولد حمید موقع پر ہلاک ہوگئے، جبکہ پولیس اہلکار کنسٹیبل سفیر الرحمن زخمی ہوگئے۔ واقعے کے دوران پولیس گاڑی کو بھی جزوی نقصان پہنچا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ زخمی پولیس اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ڈی پی او ہنگو طارق حبیب خان کی ہدایت پر واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے