امریکی وزیر جنگ کے مواخذے کی قرارداد آج ایوان میں پیش ہونے کا امکان
واشنگٹن: امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی قرارداد آج پیش ہونے کا امکان ہے، قرارداد میں مواخذے کی 8 دفعات شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں ایران کے ساتھ جنگ اور اختیارات کے مبینہ غلط استعمال پر امریکی وزیرِ جنگ پیٹ ہیگستھ کے مواخذے کی تحریک میں شدید تیزی آگئی، ان کے خلاف مواخذے کی قرارداد آج ایوانِ نمائندگان میں پیش کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ریپبلکن رکنِ کانگریس تھامس میسی مواخذے کی قرارداد پیش کریں گے، جس میں پیٹ ہیگستھ کے خلاف 8 اہم دفعات شامل ہیں۔
الزام ہے کہ ہیگستھ نے کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران کے خلاف جنگی کارروائی کی، اپنے اختیارات کا غلط استعمال کیا اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچایا۔
ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز نے اس قرارداد کی علانیہ حمایت کرتے ہوئے کہا کہ "پیٹ ہیگستھ نے اس غیر محتاط اور مہنگی جنگ کو آگے بڑھایا، انہیں اب عہدے سے جانا ہوگا”۔
مڈٹرم انتخابات کے بعد ڈیموکریٹس 254 نشستوں کے ساتھ ایوانِ نمائندگان میں اکثریت حاصل کر چکے ہیں، جو مواخذے کی منظور کے لیے درکار 218 نشستوں سے کہیں زیادہ ہے۔
تاہم، کسی بھی عہدیدار کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ میں دو تہائی اکثریت کی ضرورت ہوگی جس کے لیے ڈیموکریٹس کو ریپبلکن ارکان کے ووٹ بھی درکار ہوں گے۔
پینٹاگون نے بی بی سی کو دیے گئے اپنے بیان میں واضح کیا کہ پیٹ ہیگستھ نے تمام اقدامات قانون کے مطابق کیے ہیں اور وہ کسی بے بنیاد تحقیقات سے مرعوب نہیں ہوں گے۔
پیٹ ہیگستھ نے خود بھی ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے ان کوششوں کو "فرضی الزامات” اور کردار کشی کی سیاست قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی سازشیں نہ صدر ٹرمپ کے خلاف کامیاب ہوئی ہیں اور نہ ان کے خلاف کامیاب ہوں گی۔
