مینا خان صاحب آپ جرمنی نہیں پہنچے؟ چیف جسٹس کا سوال
مینا خان صاحب آپ جرمنی نہیں پہنچے؟ چیف جسٹس کا سوالعدالتی حکم کے باوجود وزیر اعلی تعلیم میناخان کو پشاور ائیرپورٹ پر کیوں روکا گیا؟پشاور ہائیکورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے جواب طلب کرلیا ہے
ہائیکورٹ نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ وہ پتہ کریں کہ میناخان کو پشاور ائیرپورٹ پر کیوں روکا گیا؟ اگر درخواست گزار کا نام کسی اور لسٹ میں شامل ہے تو صوبائی وزیر اس کےلئے الگ درخواست دائر کریں۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ
گزشتہ روز صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے وزیر بلدیات و اعلی تعلیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے اس صوبے کے تمام لوگ برابر ہیں آپ تو وزیر ہے، لیکن جو عام لوگ ہیں ان کےلئے بھی عدالت کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں اس صوبے کے 64 فیصد آبادی نوجوانوں کی ہے ان کےلئے اقدامات کریں۔
گزشتہ روز عدالت کو بتایاگیا کہ صوبائی وزیر کو عدالت نے جرمنی جانے کی اجازت دی تاہم باچا خان ائیرپورٹ پشاور پر ان کو روکا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ تقریبا 2 گھنٹے ان کو ائیرپورٹ پر روکے رکھا کچھ نہیں بتایا کہ کیوں روکا ہے؟ اب بھی وہاں جانے کیلئے دو دن ہیں ۔
ڈپٹی اٹارنی جنرل نے گزشتہ سماعت پر رپورٹ پیش کی کہ پی این آئی ایل کے علاوہ کسی اور لسٹ میں نام شامل نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے صوبائی وزیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مینا خان صاحب آپ جرمنی نہیں پہنچے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ بدقسمتی سے مجھے نہیں چھوڑا گیااور ائیرپورٹ پر بتایا گیا کہ آپ کا نام پی سی ایل، پی این آئی ایل میں شامل ہے۔مینا خان نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ آپ کا پاسپورٹ بھی بلاک ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم فریقین سے جواب طلب کریں گے۔
دوران سماعت صوبائی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ نوجوانوں کےلئے اقدامات کررہے ہیں صوبے میں 34 یونیورسٹیاں ہیں ہم نے چار یونیورسٹیز میں آئی ٹی، اے آئی لیب بنائے ، حال ہی میں خیبر ٹیکنکل کالج میں آئی ٹی اور اے آئی لیب بنائے ہیں۔ چین کےساتھ بھی ایم او یو کیا ہے، ان کے طلباءگومل یونیورسٹی سے آئی ٹی اور اے آئی سیکھنا چاہتے ہیں۔بجٹ میں بھی ہم نے آئی ٹی اور اے آئی کےلئے فنڈ مختص کیا ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ یہ بہت اچھا ہے، اس صوبے کے نوجوانوں کےلئے اقدامات کریں،سرمایہ کار تو یہاں سے اسلام آباد اور لاہور چلے گئے ہیں موٹروے کا فائدہ بھی ہے لیکن ہمیں نقصان بھی ہوا ہے،اس وجہ سے سرمایہ کار یہاں سے اسلام آباد اور لاہور چلے گئے،اگر ہم نوجوانوں کو آئی آٹی اور اے آئی کی تعلیم دینگے تو وہ سرمایہ لےکر آئیں گے ،یہاں مسائل ختم کرنے کیلئے اقدامات کرنے ہونگے ۔بعدازاں سماعت ملتوی کردی گئی۔
