قومی

آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی، وزیر صحت کی مشیر خزانہ سے اہم ملاقات

آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے کو ترجیح دی جائے گی، وزیر صحت کی مشیر خزانہ سے اہم ملاقات

صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے مشیر خزانہ مزمل اسلم سے اہم ملاقات کی جس میں آئندہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں محکمہ صحت کے لیے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی اور شعبہ صحت کی مالی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صحت کے شعبے کی موجودہ ضروریات، جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے درکار وسائل اور سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایم ٹی آئی چیئرمین نوشیروان برکی، سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے،اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمن نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو معیاری، مؤثر اور قابل رسائی طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے خاطر خواہ مالی معاونت ناگزیر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بہتر طبی سہولیات اور صحت کے نظام کی مضبوطی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری عوامی فلاح و بہبود اور بہتر طبی خدمات کی ضمانت ہے۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے محکمہ صحت کے لیے درکار بجٹ فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبے کی ضروریات کو آئندہ بجٹ میں ترجیحی بنیادوں پر مدنظر رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے صحت کے شعبے کی مالی ضروریات پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی،اجلاس میں صحت اور خزانہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جا سکے۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کو جدید، مؤثر اور معیاری صحت سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں شعبہ صحت کو خصوصی اہمیت دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے