مولانا کا شہیدوں سے متعلق بیان ناقابلِ فہم ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ شہیدوں کے بارے میں جو بات مولانا نے کہی وہ ناقابل فہم ہے۔
راولپنڈی میں پریس بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن غضب للحق جاری ہے اور جاری رہے گا، آپریشن کا واحد مقصد دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان دہشتگردوں کو سپورٹ کر رہے ہیں، پاکستان کو دہشتگردی کیخلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے، ایمنسٹی رپورٹ میں سارے ذرائع افغان حکومت کا حوالہ دے رہے ہیں، ایمنسٹی افغان طالبان کی جھوٹی گواہی پر رپورٹ بنا رہی ہے
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم ہارڈ اسٹیٹ نہیں، کیوں؟ ہارڈ اسٹیٹ کا مطلب ایسی ریاست ہے جہاں آئین و قانون سب کیلئے یکساں ہو، جس میں تمام معاملات آئین و قانون کے مطابق ہوں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جہاں ایلیٹ ازم (Elitism) نہ ہو، اس کا مطلب فوج کے زیر انتظام ریاست یا مسلح افواج کے غلبے والی ریاست نہیں۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جیسے ہارڈ اسٹیٹ کی تشریح کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جہاں آئین و قانون سب کیلئے برابر ہو اس ہارڈ اسٹیٹ میں سیکیورٹی اور استحکام ہوگا اس میں شکایات نہیں ہوں گی۔
