گرانٹ کی غیر منصفانہ تقسیم کا معاملہ، محتسب خیبرپختونخوا کا محکمہ کھیل و ثقافت کو نوٹس
گرانٹ کی غیر منصفانہ تقسیم کا معاملہ، محتسب خیبرپختونخوا کا محکمہ کھیل و ثقافت کو نوٹس
خیبرپختونخوا محتسب سیکرٹریٹ نے محکمہ کھیل و ثقافت میں گرانٹ کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم کے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے محکمہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے رہائشی محمد مسعود اور ذوالفقار کی جانب سے دائر کی گئی شکایت پر محتسب سیکرٹریٹ نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس حوالے سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ کارروائی خیبرپختونخوا صوبائی محتسب ایکٹ 2010 کے سیکشن 10(4) کے تحت عمل میں لائی گئی ہے۔محتسب سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ "فرسٹ نوٹس” میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اینڈ کلچر خیبرپختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ شکایت میں عائد الزامات کا تفصیلی جواب اور شکایت کے ازالے کے لیے کی گئی کارروائی سے متعلق رپورٹ 3 جولائی 2026 تک یا اس سے قبل سیکرٹریٹ میں جمع کرائی جائے۔نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت تک جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں صوبائی محتسب ایکٹ کے سیکشن 14 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔دوسری جانب محتسب سیکرٹریٹ نے شکایت کنندہ محمد مسعود کو بھی آگاہ کر دیا ہے کہ محکمہ کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد انہیں باقاعدہ سماعت کے لیے طلب کیا جائے گا۔ مراسلے کے مطابق رپورٹ موصول ہونے کے بعد سماعت کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔محتسب سیکرٹریٹ کی جانب سے تحقیقات کے آغاز کو صوبے میں شفافیت اور احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
