ٹانک: خودکش حملے میں 15 اہلکار شہید، 12 خوارج ہلاک
ملک بھر میں دہشتگرد تنظیموں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ٹانک، کوہاٹ اور مستونگ میں دہشتگردوں کے حملوں کے نتیجے میں کم از کم 19 سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ فورسز کی جانب سے جوابی کارروائیوں میں 16 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے
ٹانک: خودکش حملے میں 15 اہلکار شہید، 12 خوارج ہلاک
ضلع ٹانک کے قریب مانجھی خیل چیک پوسٹ پر جمعرات کی شب فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے شدید دھماکہ ہوا اور چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر تباہ ہوگیا۔
اس حملے میں 15 اہلکار شہید ہوئے، جن میں 12 فوجی، 2 پولیس اہلکار (کانسٹیبل بلال خان اور کانسٹیبل طلاء محمد) اور محکمہ جنگلات کا فارسٹ گارڈ نور اعظم شامل ہیں۔ مزید 27 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور فرار ہونے والے 12 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔ فورسز نے حملہ آوروں کی ایک موٹر کار بھی برآمد کرلی۔
واقعے کے بعد ضلع بھر میں کرفیو نافذ کر دیا گیا جبکہ پولیس اور فوج کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پولیس لائن ٹانک میں شہید پولیس اہلکاروں اور فارسٹ گارڈ کی نمازِ جنازہ مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی
