اہم خبریںدنیا

امریکی رپورٹ: معاہدہ نہ ہوا تو امریکا و اسرائیل ایران پر بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں

امریکا اور اسرائیل معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں ایران پر بڑے حملوں کی تیاری کر رہے ہیں۔

امریکی خبر رساں ویب سائٹ ایکسیوس نے گزشتہ روز امریکی اور اسرائیلی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ سفارتی کوششیں کسی معاہدے پر نہ پہچنے کی صورت میں امریکا اور اسرائیل امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد ایران پر بڑے پیمانے پر حملوں کی تیاری کر رہے ہیں، یہ حملے ممکنہ طور پر 1 ہفتے تک جاری رہیں گے۔

رپورٹ کے مطابق ممکنہ فوجی کارروائیوں میں ایران کی قیادت، توانائی کے شعبے، جوہری تنصیبات اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ثالث ایران کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ ان جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو رسائی دے جنہیں ماضی میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں نقصان پہنچا تھا اور اس کے بدلے ایران کو امریکی پابندیوں میں کچھ نرمی دینے کی تجویز زیرِ غور ہے۔

ایک علاقائی ذریعے اور ایک امریکی عہدیدار نے ایکسیوس کو بتایا کہ ثالثوں نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ ان تجاویز کو قبول کرنا امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد بڑے حملوں سے بچنے کا شاید واحد راستہ ہو سکتا ہے، ان تجاویز کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات کم کرنا ہے۔

ایکسیوس کے حوالے سے ایک علاقائی ذریعے نے بتایا کہ ایران نے ثالثوں کو آگاہ کیا ہے کہ وہ آئندہ چند روز میں ان تجاویز پر سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکا کا مطالبہ ہے کہ ایران اپنے افزودہ یورینیئم کے ذخیرے سے دست بردار ہو، جبکہ تہران کا اصرار ہے کہ واشنگٹن پہلے اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرے اور ایران کے منجمد اثاثے بحال کرے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کے روز ایکسیوس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثالثوں کے ذریعے مذاکرات جاری ہیں، تاہم معلوم نہیں کہ یہ کوششیں کامیاب ہوں گی یا نہیں، ہمیں یہ معاملہ پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے، خواہ کسی معاہدے کے ذریعے یا کسی اور طریقے سے، یہ دیکھنا ابھی باقی ہے کہ مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں یا نہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے