یوکرین پر روس کے بڑے پیمانے پر حملے میں چار افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
روس نے یوکرین کے خلاف بڑے پیمانے پر حملوں کی لہر دوڑا دی ہے، جس میں سینکڑوں ڈرون اور درجنوں میزائل فائر کیے گئے۔
یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا کہ کیف بنیادی ہدف تھا، تاہم دیگر علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 83 افراد زخمی ہوئے۔
دارالحکومت اور اس کے نواحی علاقوں میں چار افراد ہلاک ہو گئے، جہاں اتوار کی رات بھر دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اور رہائشی عمارتوں اور اسکولوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
روس کی وزارت دفاع نے کہا کہ ان حملوں میں اوریشنک ہائپرسونک میزائل استعمال کیا گیا، اور یہ حملے یوکرین کی طرف سے "شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں” کے جواب میں کیے گئے۔
صدر ولادیمیر پوٹن نے یوکرین پر جمعہ کو اسٹاروبیلسک قصبے میں طلباء کی ہاسٹل پر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جس میں 21 افراد ہلاک ہوئے۔
یوکرین کی مسلح افواج کے جنرل سٹاف نے کہا کہ اس نے جمعہ کی شب روس کے قبضے والے مشرقی یوکرین میں اسٹاروبیلسک کے قریب حملہ ضرور کیا، لیکن اس کا موقف ہے کہ اس نے ایک اعلیٰ روسی فوجی یونٹ کو نشانہ بنایا۔
اتوار کی شب روس کے ان حملوں سے قبل زیلنسکی نے خبردار کیا تھا کہ روس حملے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، اور وہ اوریشنک میزائل استعمال کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جو مبینہ طور پر آواز کی رفتار سے دس گنا زیادہ تیز رفتار سے سفر کرتا ہے اور جسے روکنا ناممکن ہے۔
یہ میزائل روایتی اور نیوکلیئر وار ہیڈز لے جانے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
