اہم خبریںدنیا

دوحہ حملے پر اسرائیل کو مشترکہ جواب کیلئے ایرانی و قطری وزرائے خارجہ کی گفتگو

ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے دوحہ پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے قطری وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی کے ساتھ گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے قطر پر اسرائیل کے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی۔ اپنی گفتگو میں سید عباس عراقچی نے ایران کی جانب سے قطر کے ساتھ مکمل حمایت و یکجہتی کا اظہار کیا اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا یہ حملہ اقوام متحدہ کے منشور سمیت بین الاقوامی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ عالمی برادری اور علاقائی ممالک کو اسرائیل کے مسلسل و سنگین جرائم پر سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل؛ فلسطین میں نسل کشی، لبنان، شام و یمن پر بمباری، ایران کے خلاف جارحیت اور اب قطر پر بھی حملوں کے باعث علاقائی و عالمی امن کے لئے ایک واضح خطرہ بن چکا ہے جبکہ ان جرائم کو روکنے کے لئے تمام علاقائی ممالک کی جانب سے متحد ہو کر عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عملی اقدامات کے ذریعے سب سے پہلے اسرائیل سے سفارتی و اقتصادی تعلقات ختم کرنا ضروری ہے!

دوسری جانب قطری وزیراعظم نے بھی ایران کی بے دریغ حمایت کا شکریہ ادا کیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی و علاقائی ممالک کو اسرائیل کے مجرمانہ رویے کے خلاف متحد ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قطر اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کے لئے ضروری تمام اقدامات اٹھائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے