ایرانی کمانڈر : امریکی افواج ایران کی سرحدوں سے 1 ہزار کلو میٹر دور چلی گئیں
ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے سینئر کمانڈر ریئر ایڈمرل علی فداوی نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی افواج ایران کی سرحدوں سے 1 ہزار کلو میٹر دور پیچھے ہٹ گئی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق ٹی وی انٹرویو میں علی فداوی نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے اپنی مرضی سے نہیں بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران اور پاسدارانِ انقلاب کی زمینی فورس کی طاقت کے باعث اپنی پوزیشن پیچھے کی ہے۔
علی فداوی کا کہنا ہے کہ پہلی بار خلیج، آبنائے ہرمز، بحیرۂ عمان اور شمالی بحرِ ہند میں امریکی بحری جہاز موجود نہیں ہیں۔
ایرانی کمانڈر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی جنگی جہاز پاسداران انقلاب کے مکمل نشانے پر ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز بدستور ایران کے کنٹرول میں ہے اور پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے امریکی نگرانی میں آبنائے کے جنوبی راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں کسی بھی وقت نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
علی فداوی کے مطابق اس راستے سے روزانہ صرف 30 سے 40 لاکھ بیرل تیل منتقل ہو رہا ہے، جو جنگ سے قبل کی ترسیل کے مقابلے میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
ایرانی کمانڈر نے امریکی فوجی کارروائی کی دھمکیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا افغانستان اور عراق میں ناکام رہا اور ایک بار پھر ناکام ہو گا۔
