گورنر خیبر پختونخوا: صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری مشترکہ ذمہ داری اور ترجیح ہے
ایپکس کمیٹی اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں امن کا قیام ہماری مشترکہ ترجیح ہے، صوبے کے عوام امن اور ترقی چاہتے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں امن کے لیے وفاقی حکومت کا کردار نہایت اہم ہے، تمام ادارے ایک صفحے پر ہوں تو امن و ترقی کا عمل نہیں روکا جا سکتا، صوبے سے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ہماری ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی وضع کرنا ہمارا مقصد ہے، خیبر پختون خوا میں امن و استحکام کے لیے وفاق کے تعاون کے شکر گزار ہیں، صوبے میں ایسا ماحول چاہتے ہیں جہاں ہر شہری خود کو محفوظ اور ترقی کے عمل کا حصہ سمجھے۔
گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا مثالی صوبہ بنانا ہے، عوامی تحفظ اور خوشحالی کے لیے وفاق اور صوبے کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
وزیرِ اعظم کا آج کا دورہ 1 روز پر مشتمل
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف 1 روزہ دورے پر پشاور پہنچے تھے۔
دورۂ پشاور میں صوبے کی سیاسی صورتِ حال اور حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا
اس موقع پر وزیرِ اعظم کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء کی فیملیز کے لیے خصوصی پیکج کا اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم کے دورے کے موقع پر شیر شاہ سوری روڈ اور ایئر پورٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، شہریوں کو متبادل روڈز پر سفر کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 20 اکتوبر کو پشاور جانا تھا تاہم ان کا یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔
