صحت پر سوال اٹھنے پر ٹرمپ مشتعل، صحافی کی جسمانی ساخت کو نشانہ بنایا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت سے متعلق سوال پوچھنے والے صحافی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی جسمانی ساخت پر طنز کیا اور اسے اپنی صحت بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا۔
صحافی نے ٹرمپ سے سوال کیا کہ کیا کینساس اور آئیووا کے انتخابی جلسے منسوخ کرنے کی وجہ آپ کی طبیعت ناساز ہونا ہے؟ اس سوال پر صدر ٹرمپ برہم ہو گئے اور کہا کہ ایسا سوال پوچھنا ہی بیماری کی علامت ہے۔
صحافی نے وضاحت کی کہ میں صرف آپ کی صحت کے بارے میں جاننا چاہتا ہوں جس پر ٹرمپ نے صحافی کی جسمانی ساخت کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ تم پہلے خود کو فٹ کرو، تمہاری حالت دیکھنے کے قابل نہیں، میں بالکل صحت مند ہوں
صدر ٹرمپ نے صحافی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تم بیمار ذہنیت کے آدمی ہو، اپنے آپ کو دیکھو، تم بالکل فٹ نہیں لگ رہے، تم قابلِ نفرت ہو، اپنی جسمانی صحت بہتر بناؤ، تمہاری حالت بہت خراب دکھائی دیتی ہے۔
بعد ازاں صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں کینساس اس لیے نہیں جا رہا کیونکہ میرا وہاں جانے کا دل نہیں چاہتا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے کینساس اور آئیووا میں ہفتے اور اتوار کو ہونے والے انتخابی جلسے منسوخ کر دیے ہیں تاہم ان کی انتخابی مہم کے مالیاتی گروپ نے اعلان کیا ہے کہ انتخابات سے قبل کم از کم 19 ریاستوں میں ٹرمپ کے آن لائن جلسے منعقد کیے جائیں گے۔
ٹرمپ کے متنازع جسمانی تبصرے
یہ پہلا موقع نہیں جب ٹرمپ نے کسی کی ظاہری شخصیت یا جسمانی ساخت پر تبصرہ کیا ہو۔
امریکی وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران صدر ٹرمپ کئی ریپبلکن امیدواروں کی ظاہری شخصیت کی تعریف بھی کر چکے ہیں۔
مشی گن میں ایک انتخابی جلسے کے دوران گلوکارہ نکی مناج کی تعریف کرتے ہوئے ٹرمپ نے ان کے جسمانی خد و خال پر بھی تبصرہ کیا اور انہیں کھڑے رہنے کو کہا جس پر نکی مناج اپنی نشست سے اٹھ کر ہاتھ ہلانے لگیں۔
اسی طرح کینٹکی میں ایک جلسے کے دوران صدر ٹرمپ نے ریپبلکن امیدوار جون ہسٹڈ کی جسمانی ساخت، کندھوں، پاؤں، ہاتھ اور چہرے کے خد و خال کی تعریف کی۔
ٹیکساس کے ریپبلکن سینیٹ امیدوار کین پیکسٹن کے بارے میں ٹرمپ نے کہا کہ مجھے ان کی شکل زیادہ پسند نہیں جبکہ امیدوار اس وقت ان کے قریب ہی موجود تھے۔
واضح رہے کہ امریکا میں وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو ہوں گے جن میں ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کی مجموعی طور پر 470 نشستوں پر مقابلہ ہو گا۔
ان انتخابات کے نتائج سے صدر ٹرمپ کی حکومت کے آئندہ 2 سال کے لیے ریپبلکن جماعت کے حکومتی کنٹرول کی صورتِ حال کا تعین ہو گا۔
