قومی

پاکستان مکہ معاہدے کا پابند ہے اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے، ترجمان دفترِ خارجہ

دفترِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر کا کہنا ہے کہ پاکستان مکہ معاہدے کا پابند ہے اور سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

انہوں نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقاماتِ مقدسہ پر حوثی حملے کی مذمت کرتے ہیں، یہ گھناؤنا حملہ انتہائی قابلِ تشویش اور قابلِ مذمت ہے، اس حملے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے، ہم سعودی مسلح افواج کے تیز و بروقت اقدامات سے حملے کو ناکام بنانے کو سراہتے ہیں۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں حوثی حملوں کے تناظر میں ابھرتی صورتِ حال کو بھی دیکھ رہا ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ پاکستان نے رواں ہفتے مشرق مغرب پائپ لائن پر حملے کی بھی مذمت کی، پاکستان بڑھتے ہوئے تناؤ اور اس کے اثرات پر شدید تحفظات رکھتا ہے۔

سجاد حیدر نے لبنان کے وزیرِ داخلہ احمد حجار کے حالیہ دورۂ پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

اُنہوں نے بتایا کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے بین الاقوامی اٹامک ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاج بھارتی بحری جہاز کی جانب سے پاک بحریہ کے جہاز کو ٹکر مارنے پر ریکارڈ کروایا گیا، بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحری جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی۔
سجاد حیدر نے کہا کہ بھارتی بحری جہاز کی کارروائی کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی، بھارتی کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991ء کے دو طرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی کارروائی کو سختی سے مسترد کر دیا، بھارت بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ معاہدوں کی سختی سے پابندی کرے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی میں بھی بھارتی وزارت خارجہ کو احتجاجی مراسلہ دے گا، پاکستان نے عالمی برادری سے بھارت کی اشتعال انگیز پالیسی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

سجاد حیدر نے یہ بھی کہا ہے کہ بھارت جنوبی ایشیاء کے مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمے دارانہ کارروائیوں سے باز رہے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے