قومی

وزیرِ خزانہ: پاکستان پہلے سے بہتر معاشی پوزیشن میں ہے

وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اب پہلے سے بہتر معاشی پوزیشن میں ہے اور معاشی بہتری کا تسلسل رواں مالی سال میں بھی جاری ہے۔

لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی ہے، جبکہ ترسیلاتِ زر میں مضبوط اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ کو فائدہ ہو رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں بھی مسلسل اضافہ جاری ہے۔

وزیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان امداد پر مبنی تعلقات سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب بڑھ رہا ہے، دو طرفہ شراکت داروں کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط بڑھانا ترجیح ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کو متحرک کرنے اور تجارتی روابط میں توسیع پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق پاکستان نے برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کی واضح سمت متعین کرلی ہے، برآمد کنندگان کو 4.5 فیصد کی شرح پر ری فنانس فراہم کیا جا رہا ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 11.5 فیصد ہونے کے باوجود برآمد کنندگان کو 4.5 فیصد ری فنانس مل رہا ہے
انہوں نے کہا ہے کہ روایتی برآمدی شعبوں کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

وزیر خزانہ نے بتایا ہے کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی نمو تقریباً 3.7 فیصد رہی، جبکہ رواں مالی سال بھی معاشی ترقی کی رفتار برقرار ہے، اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال جی ڈی پی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے ماڈل کی جانب بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالرز کے بانڈ کا اجراء اہم سنگِ میل ہے، 4 سال بعد عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی ملی ہے، بانڈ کے اجراء کے آرڈرز مطلوبہ حجم سے دگنے رہے، جبکہ ایشیائی سرمایہ کاروں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

وزیرِ خزانہ کے مطابق سرمایہ کاروں کا معیار بھی آرڈر بک کے حجم جتنا اہم ہے اور ایشیائی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے لیے مثبت اشارہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے