قومی

ڈی جی آئی ایس پی آر : طالبان رجیم دہشتگردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی-

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ اگر طالبان رجیم دہشتگردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان رجیم بھارت کی پراکسی ہے۔ افغانستان کو اب بھی غیر ریاستی عناصر چلا رہے ہیں، یہ ایک رجیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں ٹی ٹی پی اور بی ایل اے بھی پاکستان کے خلاف بھارتی پراکسی ہیں۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کا سب سے بڑا اسپانسر ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ افغان طالبان اپنے مذموم مقاصد کے لیے غیر ریاستی عناصر اور کرائے کے جنگجو استعمال کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ روسی مداخلت کے بعد افغانستان میں متعدد ایجنسیز اور پراکسیز نے اپنی جڑیں مضبوط کرلیں۔ جیش العدل، القاعدہ، آئی ایس کے پی جیسی بین الاقوامی دہشتگرد تنظیمیں بھی افغانستان میں موجود ہیں۔ اس بات کی نشاندہی اقوام متحدہ اور امریکا کے علاوہ کئی ممالک کرچکے ہیں۔

ترجمان پاک افواج نے کہا کہ پاکستان افغان طالبان سے صرف یہ کہتا ہے کہ وہ پاکستان کے اندر دہشتگردوں کی حمایت کرنا بند کرے۔ افغان طالبان رجیم نے نور ولی خارجی، بشیر زیب اور گل بہادر جیسے دہشتگردوں کو پناہ دے رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشتگردی کیلئے تشکیلیں افغانستان سے آتی ہیں، وہیں سے انہیں اسلحہ ملتا ہے۔ اگر طالبان رجیم دہشتگردی کے حوالے سے ہماری بات نہیں مانتا تو اسے سنگین قیمت چکانا پڑے گی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کی عالمی سطح پر کوئی ساکھ نہیں ہے۔ دنیا افغان رجیم کو نارمل ریاست والا رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرے۔ بین الاقوامی برادری افغان طالبان کو مجبور کرے کہ وہ منشیات کی کاشت اور پیداوار روکے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاک افواج افغانستان رجیم کے تمام خطرات بشمول ڈرونز کا سدباب کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے