شمالی غزہ میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک
عبری زبان کے اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ آج صبح غزہ کی پٹی کے شمالی علاقہ جات میں اسرائیلی فوج کو ایک "مشکل سکیورٹی حادثہ” پیش آیا جس میں مزید 4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ عبری ای مجلے حدشوت بزمان کے مطابق آج صبح غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے جبالیا میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نتیجے میں اسرائیلی فوج کے آرمرڈ بریگیڈ کے 4 فوجی موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
سعودی چینل العربیہ کے مطابق جبالیا میں ہونے والے اس دھماکے میں ہلاک ہونے والے 4 اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ ساتھ 3 دوسرے صیہونی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ذرائع سے نقل کرتے ہوئے العربیہ نے مزید بتایا کہ یہ واقعہ اسرائیلی فوجیوں کے لیے غزہ میں لگائی جانے والی ایک "کمین” کے نتیجے میں پیش آیا۔
صیہونی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے لیے آج ایک "تاریک دن” ہے کیونکہ فلسطینی شہر قدس شریف کے شمال میں ہونے والے ایک خودکش حملے میں بھی 5 اسرائیلی آبادکار ہلاک جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے تھے۔