قدس کی کارروائی قابض صیہونیوں کے کھلے جرائم کا فطری جواب ہے، حماس
قدس شریف میں انجام پانے والی مزاحمتی کارروائی پر جاری ہونے والے اپنے بیان میں یہ بیان کرتے ہوئے کہ مقبوضہ قدس شریف میں انجام پانے والی آج کی فدائی کارروائی قابض صیہونی رژیم کے کھلے جنگی جرائم کا فطری ردعمل ہے، فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے مغربی کنارے میں بھی قابض اسرائیلی فوج اور غیر قانونی صیہونی آباد کاروں کے خلاف جدوجہد میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں حماس کا کہنا تھا کہ ہم قدس شریف کے شمالی علاقے راموت میں انجام پانے والی 2 فلسطینی مزاحمتکاروں کی بہادرانہ و منفرد کارروائی کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق حماس نے تاکید کی کہ یہ کارروائی قابض صیہونیوں کے کھلے جنگی جرائم اور ہمارے عوام کے خلاف انجام پانے والے قتل عام کا فطری جواب اور اس بات کا واضح پیغام ہے کہ غزہ شہر پر انسانیت سوز قبضے اور مسجد الاقصی کی بیحرمتی پر مبنی اسرائیلی منصوبے ہرگز بے جواب نہ رہیں گے۔
حماس نے مزید کہا کہ غزہ، مغربی کنارے اور قدس شریف میں جاری قابض صیہونیوں کی مسلسل جارحیت ہمارے عوام کے عزم و مزاحمت کو کسی صورت کمزور نہیں کرسکتی جبکہ قدس کے قلب میں انجام پانے والی اس مزاحمتی کارروائی نے غاصب صیہونی رژیم سکیورٹی کو پاش پاش کر دیا ہے۔ حماس نے تاکید کی کہ یہ ہماری بہادر و مزاحمت پیشہ قوم اور انقلابی نوجوانوں کے عزم بالجزم کی تصدیق ہے کہ وہ قابض صہیونی جارحیت کے خلاف بے دریغ لڑتے رہیں گے۔ حماس نے کہا کہ گھناؤنے جرائم پر مبنی دشمن کے تمام منصوبے، فلسطینی عوام کو کسی صورت گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر پائیں گے اور نہ ہی ان کی مزاحمت کو توڑ پائیں گے۔