دوحہ پر اسرائیلی حملے میں ہمارا کوئی رہنما شہید نہیں ہوا، حماس کا اعلان
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے قطری دارالحکومت پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں اپنے سینئر رہنماؤں کی شہادت کی تردید کی ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں حماس کا کہنا ہے کہ قطری دارالحکومت دوحہ میں اجلاس میں موجود حماس کے تمام رہنما محفوظ ہیں۔
واضح رہے کہ غاصب اسرائیلی رژیم نے قطر پر فضائی حملے کے بعد فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیہ کو شہید کر نے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس بارے اسرائیلی میڈیا کا کہنا تھا کہ دوحہ میں موجود حماس کے اعلی مذاکراتکاروں کو اس حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دوحہ پر اسرائیلی حملے کے وقت حماس کے متعدد راہنماؤں کا اجلاس جاری تھا جس میں وہ غزہ میں جنگبندی کے حوالے سے پیش کردہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجاویز پر غور کر رہے تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری کے دوران جاری اس اجلاس میں حماس کے 5 سینئر رہنما خالد مشعل، خلیل الحیہ، زاہر جبارین، محمد درویش اور ابو مرزوق بھی موجود تھے جبکہ اس اجلاس کی صدارت ڈاکٹر خلیل الحیہ کر رہے تھے۔