پاکستانی روپے کے مقابل امریکی ڈالر کی قدر مسلسل 25ویں روز بھی تنزلی کا شکار
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی تنزلی کا سلسلہ جاری ہے اور جمعرات کو بھی ڈالر کی قیمت مزید کم ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 34 ملین ڈالر کے اضافے، مشرق وسطی کی کشیدہ صورتحال کے باعث خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی اور سیلاب سے ملکی معیشت پر بڑے نوعیت کے اثرات مرتب نہ ہونے جیسے عوامل کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو 25ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔ کاروبار کے دوران ایک موقع پر ڈالر کی قدر 23 پیسے کی کمی سے 281 روپے 37 پیسے کی سطح پر بھی آئی، لیکن متعلقہ ریگولیٹر کی خریداری کی سرگرمیوں اور معیشت میں طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 5 پیسے کی کمی سے 281 روپے 56 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر مزید 10 پیسے کی کمی کے ساتھ 282 روپے 70 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔