ایران کا سعودی عرب پر میزائل حملوں سے لاتعلقی کا اعلان
ایک ایرانی فوجی عہدیدار نے سعودی عرب میں اہداف پر داغے گئے میزائلوں سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے (آئی آر آئی بی) کے مطابق ایک فوجی عہدیدار نے کہا ہے کہ تہران سعودی عرب میں اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے دیگر ممالک سے داغے گئے میزائلوں یا راکٹوں سے کسی بھی تعلق کی سختی سے تردید کرتا ہے۔
آئی آر آئی بی کے مطابق عہدیدار نے کہا ہے کہ خطے میں امریکی مفادات کے خلاف ہونے والی کسی بھی کارروائی کو ایران سے منسوب کرنا ایک بڑی غلط فہمی ہے
ایرانی عہدیدار کے مطابق ان کارروائیوں کو ایران سے منسوب کرنا خطے کی صورتِ حال سے آگاہی کے فقدان کا نتیجہ ہے۔
یہ بیان سعودی عرب کی وزارتِ دفاع کی جانب سے مشرقی صوبے میں تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے نئے ڈرون حملوں کی اطلاع دینے کے بعد سامنے آیا ہے، جن کا الزام سعودی حکام نے عراق میں موجود ایران نواز ملیشیاؤں پر عائد کیا ہے۔
