بلاول بھٹو نے کہا: پنجاب کے وزیراعلیٰ دھاندلی سے بنے، وزیراعظم آر او الیکشن کی وجہ سے ہیں
پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا ایک دوسرے پر الزامات لگانے اور تنقید کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کا پہلا وزیرِ اعلیٰ پنجاب بھی دھاندلی کی وجہ سے بنا اور ان کا وزیرِ اعظم آر او الیکشن کی وجہ سے بنا۔
مظفر آباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ لوگ دھاندلی کی وجہ سے اقتدار میں آتے ہیں، یہ نسل در نسل دھاندلی کی پیداوار ہیں، ہم انہیں کشمیر میں دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، 2 اگست کو تیر کی جیت پکی ہے
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تین نسلوں سے کشمیر کی جدوجہد عالمی سطح پر اٹھا رہے ییں، مظفرآباد میں رہنے والے آپ کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین کی آبائی سیٹ پر 30 پولنگ اسٹیشنوں پر قبضہ کر کے ٹھپے لگائے گئے، ہم چوہدری یاسین کی شکست کو قبول نہیں کرتے، میرے پاس 30 پولنگ اسٹیشنز کے ثبوت ہیں، الیکشن کمیشن سے کہتا ہوں کہ ری پولنگ کی جائے، کارکنوں کو بتاتا ہوں کہ ہر چوری شدہ سیٹ ان سے چھین کر واپس دلا دوں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی میدان میں شکست ہوتی ہے تو اسے قبول کرنے کو تیار ہوں، چوری شدہ دھاندلی کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت جو لوگ کشمیر میں شہید ہو رہے ہیں، اس کا حل پیپلز پارٹی کے پاس موجود ہے، ہمیں اس پر کمیشن قائم کرنا چاہیے، احتجاج کرنے والوں کو کمیشن کے فیصلے تک انتظار کرنا چاہیے۔
