اسرائیل نے غزہ کی پٹی کو غیر قابل سکونت بنا دیا ہے، اقوام متحدہ
فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے غزہ پر غاصب صیہونی رژیم کے حملوں کو روکنے کے لئے ایک بار پھر محض زبانی کلامی اپیل پر اکتفاء کیا ہے۔ اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ غزہ شہر اسرائیلی حملوں کے شدت اختیار کر جانے کا گواہ ہے کیونکہ ان حملوں نے محلوں کے محلوں اور تمام رہائشی علاقوں کو تباہ کر ڈالا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق اقوام متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق دفتر نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ شہر کے خلاف اپنے حملے فورا روک دینے چاہئیں۔ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے کہا کہ اسرائیل غزہ شہر کو ناقابل سکونت بیابان میں بدل رہا ہے۔ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کے دفتر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ شہر کے باشندوں کی وسیع پیمانے پر جبری نقل مکانی، ممکن ہے کہ مستقل ہو جائے جبکہ گذشتہ 1 ماہ کے دوران 270 رہائشی عمارتوں پر حملوں کے دوران 379 فلسطینی شہریوں کو بھی قتل کر دیا گیا ہے۔