شہباز شریف کی شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کیساتھ گفتگو، اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے۔ وزیراعظم آفس کے مطابق، اپنی گفتگو میں شہاز شریف نے، دوحہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور شہری املاک کو نقصان پہنچنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس دوران وزیراعظم نے اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور امیر قطر، قطری شاہی خاندان اور قطری عوام کے ساتھ ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حملہ بزدلانہ اور قابلِ مذمت ہے۔
اپنی گفتگو میں شہباز شریف نے تاکید کی کہ اسرائیلی جارحیت قطر کی خودمختاری و سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے جبکہ اسرائیلی اقدامات خطے بھر کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ وزیراعظم نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے تاکید کی کہ پاکستان، قطر کے ساتھ "چٹان کی طرح” کھڑا ہے اور اس نازک موقع پر امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب امیر قطر نے بھی پاکستان کی حمایت پر تشکر کا اظہار کیا اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن و سلامتی کے لیے باہمی رابطے کی مضبوطی و تسلسل پر تاکید کی۔