دنیا

انتونیوگیوترش کیجانب سے ایران-آئی اے ای اے معاہدے کا خیرمقدم

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیوترش نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں ایرانی جوہری مسئلے اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی فارس نیوز کے مطابق اپنی گفتگو میں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ایران اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) کے درمیان باہمی تعاون کے حالیہ سمجھوتے کا خیرمقدم کیا اور ایرانی جوہری مسئلے کے حوالے سے مذاکرات و سفارتی عمل کو جاری رکھنے کے لئے اقوام متحدہ کی حمایت پر زور دیا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ نے بھی جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے (NPT) کے عین مطابق ایرانی عوام کے حقوق و مفادات کے تحفظ کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران کے عزم پر زور دیا اور پرامن ایرانی جوہری تنصیبات پر غیر قانونی حملوں کی مذمت میں اقوام متحدہ سمیت تمام ممالک کی جانب سے واضح و مضبوط موقف کے اختیار کئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی۔ سید عباس عراقچی نے امریکہ و غاصب صیہونی رژیم کی فوجی جارحیت کو نظر انداز کرنے اور سلامتی کونسل کی منسوخ شدہ قراردادوں کی بحالی کی دھمکی پر مبنی 3 یورپی ممالک کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ و بلاجواز قرار دیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا رویہ مسائل کو مزید پیچیدہ بنا دے گا۔

اس دوران سید عباس عراقچی نے ایرانی جوہری تنصیبات پر غیر قانونی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی نئی صورتحال میں سیف گارڈ پروٹوکول کے تحت اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی کی خاطر عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ معاہدے تک پہنچنے کے لئے تعمیری تعاون کے سلسلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ذمہ دارانہ طرز عمل کی جانب بھی اشارہ کیا اور یورپی فریقوں و اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین کی جانب سے اس پیشرفت کی اہمیت کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اپنی گفتگو کے آخر میں ایرانی وزیر خارجہ نے مقبوضہ فلسطین میں غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی جانب سے جاری فلسطینی شہریوں کی نسل کشی اور قابض صیہونی رژیم کی انسانیت سوز جنگ کو آج، "دنیا کا سب سے اہم مسئلہ” قرار دیا اور، قطر کے خلاف اسرائیل کی حالیہ دہشتگردانہ جارحیت کی شدید مذمت اور عالمی برادری، اقوام متحدہ و سیکرٹری جنرل کی مشترکہ ذمہ داریوں پر تاکید، کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل کے ہاتھوں جاری نسل کشی اور اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو موثر طریقے سے روکیں!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے