حساس اسرائیلی اہداف پر یمن کا میزائل حملہ
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی السریع نے اعلان کیا ہے کہ مظلوم فلسطینی عوام اور ان کی غیرت مند مزاحمت کی حمایت سمیت غزہ کی پٹی میں ہمارے بھائیوں کے خلاف غاصب صیہونی دشمن کے ہاتھوں جاری نسل کشی و فاقہ کشی کے جنگی جرائم کے جواب میں ہماری مسلح افواج نے "فلسطین 2” ہائپرسونک بیلسٹک میزائل کہ جس میں متعدد و شاخ دار وار ہیڈز موجود تھے، کا استعمال کرتے ہوئے غاصب صیہونی رژیم کے خلاف کامیاب مزاحمتی آپریشن انجام دیا ہے۔ اپنے بیان میں جنرل یحیی السریع نے تاکید کی کہ اس مزاحمتی آپریشن میں مقبوضہ فلسطینی علاقے یافا (تل ابیب) میں واقع کئی ایک حساس صیہونی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا ہے اور خدا کے فضل سے اس آپریشن کے تمام اہداف حاصل کر لئے گئے ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے اس بات کا ایک بار پھر اعادہ کیا کہ یمن کی عظیم عرب، اسلامی اور ایمان، حکمت، جہاد و استقامت پر عمل کرنے والی قوم، خدا پر بھروسہ رکھنے والے مظلوم و بھوک سے دوچار اپنے فلسطینی بھائیوں کی حمایت میں استوار اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہ ہٹے گی اور مظلوموں کی حمایت کرتے ہوئے مجرمانہ صیہونی جارحیت اور ظالمانہ اسرائیلی عزائم کو ہمیشہ ہمیشہ کے لئے ناکام بنا دے گی۔ اپنے بیان کے آخر میں انہوں نے مزید تاکید کی کہ ہماری مسلح افواج ملکی دفاع کے لئے مزید مزاحمتی کارروائیاں بھی جاری رکھیں گی اور غزہ میں اپنے مزاحمت پیشہ بھائیوں کی مدد کرتی رہیں گی جب تک کہ جارحیت بند اور غیر انسانی محاصرہ ختم نہیں ہو جاتا!